سپریم کورٹ نے دوبارہ مارچ کیلئے تحفظ نہ دیا تو اس بار پوری تیاری سے اسلام آباد آئینگے: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے دوبارہ مارچ کیلئے تحفظ نہ دیا تو اس بار پوری تیاری سے اسلام آباد آئینگے۔
پشاور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سب حکومتیں کرپشن کے الزامات کے تحت گئیں، ہماری پہلی حکومت ہے جس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، جو مراسلہ امریکا سے آیا اس میں واضح طور پر دھمکی دی گئی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت گرائی گئی، ملک میں پہلی بار ہوا کہ کوئی حکومت گرائی گئی اور لوگ سڑکوں پر نکلے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں کسی سے کوئی جنگ نہیں چاہتا، ہم کسی کے ساتھ برے تعلقات نہیں چاہتے، لیکن کسی کی غلامی نہیں چاہتے، میں نے امریکا کو کہا تھا کہ دوستی سب سے کریں گے، امن میں ساتھ ہوں گے لیکن جنگ میں ساتھ نہیں ہوں گے،عمران خان نے کہا کہ میرا دور حکومت صرف ساڑھے3سال چلا ہے، 62 سال پاکستان فوجی آمروں اور2 خاندانوں کے ہاتھوں میں چلا ہے، شہباز شریف کو دوبارہ حکومت میں غلامی کے لیے لایا گیا ہے، یہ عوام کیلئے نہیں کسی اور کو خوش کرنے کیلئے فیصلے کرتے ہیں،مرغی کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہے جب سے حمزہ شہبازوزیراعلیٰ بنا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانے سے آپ ڈرتے ہیں،عوام میں آپ نہیں جا سکتے کیونکہ چور اور غدار کے نعرے لگتے ہیں، مدینہ میں چور چور کے نعرے لگائے اس میں ہمارا کیا قصور تھا، اس سے بھی زیادہ اللہ کی کیا لعنت ہوگی کہ مدینہ میں چور چور کے نعرے لگے، ان کا سپریم کورٹ نے سیسیلین مافیا کا نام ٹھیک رکھا ہے، یہ یا تو لوگوں کو خریدلیتا ہے یا مروادیتا ہے، بےنظیر کی انہوں نے تصویریں پھینکی تھیں، ان سے زیادہ غلیظ اور گھٹیا خاندان نہیں ہے۔