ملتان سے کراچی آنے والی ٹرین میں خاتون سے اجتماعی زیادتی، دو ملزمان گرفتار
کراچی: ملتان سے کراچی آنے والی بہاالدین زکریا ایکسپریس میں چلتی ٹرین میں خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تاہم واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں سفر کر رہی تھی جب پرائیویٹ فرم کے ٹکٹ چیکرز نے اس کے ساتھ زیادتی کی، ٹکٹ چیک کرنے والے خاتون کو ٹکٹ چیک کرنے کے بہانے اے سی کلاس میں لے گئے جہاں انہوں نے تشدد کرنے کے بعد اس کا گینگ ریپ کیا۔بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کی سیکیورٹی اور انتظامیہ کی ذمے داری نجی کمپنی کے پاس تھی۔کراچی میں مشتبہ ملزمان کے خلاف سٹی ریلوے اسٹیشن پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ 25 سالہ خاتون کو اتوار کی رات سٹی ریلوے پولیس سٹیشن ہسپتال لایا گیا، متاثرہ خاتون نے لیڈی میڈیکو لیگل آفیسر کو بتایا کہ تقریباً تین ماہ قبل ان کی طلاق ہو گئی تھی اور وہ پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ میں اپنے بچوں سے ملنے گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی کے اورنگی ٹاؤن میں اپنے گھر واپس جا رہی تھی کہ سکھر کے قریب روہڑی میں ٹکٹ چیکر اور دیگر نے ان سے کہا کہ انہیں ٹرین کے اے سی (ایئر کنڈیشنر) ڈبے میں منتقل کیا جا رہا ہے۔