سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت آج دوبارہ ہو گی
چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔گزشتہ سماعت پر شریف فیملی کے وکیل کی جانب سے قطری شہزادے کا خط پیش کیا گیا تھا جس کی قانونی حیثیت پر آج تحریک انصاف کی جانب سے سوالات اٹھائے جائیں گے۔۔ حامد خان کی دستبرداری کے بعد تحریک انصاف نے نعیم بخاری اور بابر اعوان پر مشتمل نئی قانونی ٹیم میدان میں اتاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وکلاء شریف فیملی کے بیانات میں تضاد اور سکینڈل سامنے آنے کے بعد وزیراعظم کی تقاریر کا معاملہ اٹھائیں گے جس میں ایک بار بھی قطر کے شہزادے کا ذکر نہیں کیا گیا۔۔ جبکہ سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ ریاست کے سربراہ سے احتساب کے آغاز میں کوئی مضائقہ نہیں تاہم تحریک انصاف کو بیان بازی کی بجائے اپنا موقف درست ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد پیش کرنا ہوں گے۔۔۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی لندن یاترا میں بھی پی ٹی آئی کے ہاتھ ایسے ثبوت نہیں لگے جو کیس میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکے۔۔ ماہرین کے مطابق کیس کی سماعت میں آج کا دن بہت اہم ہے، جس فریق کے دلائل میں وزن ہوا، کیس کا جھکاؤ اس کی جانب ہو جائے گا۔۔ دوسری طرف چیف جسٹس پاکستان کی مدت ملازمت میں بھی تقریباً ایک ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے اور غالب امکان یہی ہے کہ کیس کا فیصلہ بھی ان کی ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک ماہ کے اندر ہو گا۔۔۔۔