ڈالر کی قدر میں اضافے سے بدترین مہنگائی آئیگی, قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو :مریم اورنگزیب
مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کی شرائط مان لیں، عوام سے جھوٹ بولا گیا ،حکومت چلانا اور قوم کے مسائل کا حل کرنا عمران حکومت کے بس کی بات نہیں۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میںاضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سےمعاہدہ کرلیا اور عوام سے جھوٹ بولا، عوام کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے 100 دن کی تقریب میں جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا، فریبی اور جعلی حکومت کا راتوں رات ایک اور بڑا ڈاکہ اور قوم سے دھوکہ سامنے آگیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے بدترین مہنگائی آئے گی، قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ حکومت چلانا اور قوم کے مسائل کا حل عمران حکومت کے بس کی بات نہیں، وقت اور حالات گواہی دے رہے ہیں کہ انڈے مرغی کی سرکار نہیں چلے گی۔ مریماورنگزیب نے مزید کہا کہ کٹے، مرغیوں اور انڈوں سے معیشت ٹھیک کرنے کا فارمولا دینے والے سے یہی توقع کی جاسکتی ہے۔