نئے پاکستان کامستقبل روشن اور تابناک ہے، 100 روزہ پلان سے ثابت ہوا عمران خان جو کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں:عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا 100روزہ پلان تبدیلی کا روڈمیپ ہے اور اصلاحاتی ایجنڈا پاکستان کی تاریخ میں وزیراعظم عمران خان کا منفرد اقدام ہے ۔تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اورنئے پاکستان کامستقبل روشن اور تابناک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے مختصر عرصے میں داخلی اور خارجی محا ذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ تعلیم ،صحت اورزراعت سمیت ہر شعبے میں۔ادائیگیوں کے بحران کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کی قابل ذکر کامیابی ہے۔ عمران خان کے ہوتے ہو ئے کوئی بھی عوام کے مفاد کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جارہے ہیں۔ 100روزہ پلان سے ثابت ہوا ہے کہ عمران خان جو کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا ہے اور میں 100روزہ ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآ مد پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے دن رات محنت کرکے 100 روزہ ایجنڈے کے اہداف کو حاصل کیا۔ وزیر اعظم کاایجنڈا ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کاا یجنڈا ہے اور با شعور عوام تحریک انصاف کی حکومت کی بے مثال کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے پالیسیاں مرتب کی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی بے مثال قیادت میں ملک کی سمت درست کردی گئی ہے۔ حکومت نے100روز میں عزم ، جانفشانی اور بساط سے بڑھ کر کام کیا جبکہ ماضی میں کوئی حکومت ایسا شاندار پروگرام نہیں دے سکی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی بار کسی حکومت نے ملک اور عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں ترتیب دی ہیں۔ 100روز میں مختلف شعبوں کے اصلاحاتی ایجنڈے پر سنجیدگی اور نیک نیتی سے کام کیا گیاہے اور پنجاب میں بھی اصلاحاتی پروگرام پر دن رات کام ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کی تکمیل میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا اور پنجاب حکومت وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ملک کی ترقی کیلئے مقرر کردہ اہداف کی کامیابی کیلئے سب سے آگے ہو گی۔