قومی اسکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل،سرفراز اورعباس کو کلین چٹ مل گئی
نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی جس کے بعد ہسٹارک کیسز کے حامل سابق کپتان سرفراز احمد اور محمد عباس کو کلین چٹ مل گئی۔ ترجمان نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی اسکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اوردو ہسٹارک کیسز کے حامل ارکان کو دوبارہ اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے،طبی طور پر ان دونوں ارکان کو نان انفکیشن قرار دیا گیا ہے،پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ میں چھ ارکان کے رزلٹ مثبت آئے تھے اور ان چھ میں سے دو اراکین کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سابق کپتان سرفراز احمد اور محمد عباس کو کلین چٹ مل گئی جس کے بعد سرفراز احمد اور محمد عباس نے قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیا،کورونا وائرس مثبت آنے پر ان کو قومی اسکواڈ سے الگ کر دیا گیا تھا اور سرفراز احمد اور محمد عباس کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف کو ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی اور ہلکی پھلکی ٹریننگ کی اجازت دی گئی ہے۔ دوسری جانب پی سی بی پرامید ہے کہ کوویڈ 19 کے آج ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کے بعد قومی اسکواڈ کو گراؤنڈ میں ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ اور دوسرا 20 دسمبرکو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 22 دسمبر کو نیپیئر میں ہو گا۔ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ ماؤنگنائی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ بابراعظم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان اور ٹی20 میں شاداب خان ہوں گے۔ دورے کے دوران پاکستان شاہینز کی ٹیم 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا 4 روزہ میچ 10 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا 4 روزہ میچ 17 سے 20 دسمبر تک واھنگری میں کھیلا جائے گا۔