یہ کورونا نہیں بلکہ حکومت جانے کا رونا ہے، کووڈ 18 گھر چلا جائے تو کووڈ 19 بھی چلا جائے گا: مریم نواز
ملتان: (30 نومبر 2020) مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے۔
ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ملک کیلئے سب بڑا خطرہ کوویڈ ایٹین عمران خان وائرس ہے۔ عوام اس کے لاک ڈاؤن کیلئے تیارہیں۔ بہتر ہے یہ خود ہی عہدہ چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کے دکھ کے سامنے ہمارے دکھ کچھ نہیں، نواز شریف نے کہا عوام کے دکھوں پر اپنے ذاتی دکھ قربان، آج عوام کے روزگار چھن جانے اور کاروبار کو تالا لگ جانے کا غم ہے، آج روٹی 30 روپے ہوجانے اور چولہے ٹھنڈے ہوجانے کا غم ہے، عوام کے گھروں میں غموں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ دشمن بھی کسی کو دے تو ظرف والا دے، ہمارا المیہ یہ ہےکہ ہمیں دشمن بھی ملا تو کم ظرف ملا۔انہوں نے وزیراعظم سے متعلق کہا کہ عوام عمران خان کا لاک ڈاؤن کرنے والے ہیں، کووڈ 19 سے پہلے 'کووڈ 18' کو گھر بھیجنا ضروری ہے، کووڈ 18 گھر چلا جائے تو کووڈ 19 بھی چلا جائے گا، پاکستان کو لگے وائرسوں کا علاج ضروری ہے۔