’آرمی چیف کو تاحیات توسیع کی پیشکش، مخالفین کےخلاف جھوٹے کیسز بھی قائد اعظم کا فرمان تھا؟‘: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا یہ قائد اعظم کا فرمان تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کو کمرے میں بند کرکے تاحیات توسیع کی پیشکش کریں اور سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنائیں۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ مسترد کردیا گیا تھا اور آج کابینہ میں وہ موجود تھے جہاں وزیراعظم اور کابینہ اراکین نے ان کی صلاحیت کو سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں سیکیورٹی وین پر ہونے والی خود کش حملے کی مذمت کی گئی اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے ورکرز کے کردار کو کابینہ نے خراج تحسین پیش کیا اور پولیو کے خاتمے کے لیے قومی جذبےکو سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزارت خوراک کی جانب سے ملک کے اندر گندم کی طلب اور رسد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گندم کے ذخائر گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہے اور رواں برس گندم کی مجموعی طلب کا اندازہ 30.79 ملین میٹرک ٹن ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ سیلاب کے دوران ملک کا ایک تہائی حصہ زیرآب آگیا تھا لیکن مؤثر منصوبہ بندی کی وجہ سے ذخائر پچھلے سال سے زیادہ بھی ہیں اور طلب اور رسد کا خلا بھی کم ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ انتظامات کیے گئے ہیں کہ ملک میں غذائی بحران پیدا نہ ہو۔