لکھ کر دیتا ہوں پنجاب اور خیبرپختونخوا سے مستعفی نہیں ہوں گے ، کراچی کا میئر جیالا ہو گا: بلاول بھٹو

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ کراچی کا اگلا میئر ایک جیالا ہو گا اور ہم شہریوں کے مسائل حل کریں گے۔شہر قائد میں پی پی کے 55 ویں یوم تاسیس کے سلسلےمیں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اس سال ضلعی سطح پر یا ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں پی پی پی کا یوم تاسیس منایا جائے گا۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے میڈیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ نشترپارک کراچی کے شہریوں سے بھرا ہوا ہے اور اسی شہر میں پیدا ہوا ایک جیالا شہر کا میئر منتخب ہو گا، پی پی پی وفاق کی جماعت ہے تو کراچی کی بھی جماعت ہے اور ہمارا بھی حق ہے کہ ہم کراچی کا میئر منتخب کریں اور کراچی کے عوام کے مسائل حل کریں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے جیالوں سے مخاطب ہوں، جنہوں نے عمران خان نیازی کے ناک کے نیچے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، پی پی پی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، پی پی پی امید و یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، انتشار کی سیاست کو رد کرتی ہے، پی پی پی اس ملک کو جوڑتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 55 برس قبل جب پی پی پی کا پرچم اٹھایا تھا، ایک جنگ ہارنے کے بعد ملک کی قیادت سنبھالی تھی تو ہارے ہوئے ملک کو امید دلائی تھی، ہاری ہوئی قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا تھا۔