منی لانڈرنگ کیس:مونس الہٰی اشتہاری قرار، مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں
لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج نے مونس الہٰی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کاروائی شروع کر دی اور مونس الہٰی سے متعلق مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں کردئیے گئے ہیں۔ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور عدالتی حکم پر مونس الہٰی کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔مونس الہٰی سے متعلق مختلف جگہوں پر اشتہارات آویزاں کر دئیے گئے ہیں جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ مونس الہٰی کو جمعرات کو عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی گئی تھی لیکن وہ روپوش ہیں اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کارروائی شروع کی ہے، ایف آئی اے نے چالان عدالت جمع کرا رکھا ہے۔رواں ماہ مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں لاہور میں ان کے 8مختلف بینک اکاؤنٹس اور 6پراپرٹیز منجمد کر دی گئی تھیں۔دستاویز کے مطابق رقم جمع کرانے اور نکلوانے میں استعمال ہوئے تمام بینک اکانٹس منجمد کر دئیے گئے تھے۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی کے مختلف بینک اکانٹس منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوئے تھے۔