سینڈی طوفان بڑا اور طاقتورثابت ہوگا، جس سے کروڑوں لوگ متاثر ہونگے انتظامیہ اس کیلئے پوری طرح تیار ہے۔لوگوں کی جانیں بچانا الیکشن سے زیادہ اہم ہے۔ امریکی صدر
امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقوں میں سینڈی طوفان کےباعث صدر باراک اوباما اپنی الیکشن مہم چھوڑ کر وائٹ ہاؤس پہنچ گئے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سینڈی طوفان کو طاقتور قرار دیا جبکہ یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ امریکی انتظامیہ اس سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر انتظامیہ ان سے علاقہ خالی کرنے کو کہے تو وہ اس پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سینڈی طوفان سے متاثر ہونے والا ٹرانسپورٹ کا نظام بحال ہونے میں وقت لگے گا۔ ایک سوال کے جواب میں صدر اوباما نےکہاکہ ابھی وہ سینڈی طوفان سے نمنٹنے کیلئے سوچ رہے ہیں، ان کیلئے الیکشن جیتنے سے لوگوں کی زندگیاں بچانا زیادہ ضروری ہے۔ دوسری جانب صدر اوباما کے حریف مٹ رومنی نے بھی سینڈی طوفان کی وجہ سے الیکشن مہم ترک کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ وقت عوام کی خدمت کرنے اور ان امریکیوں کی طرف توجہ دینے کا ہے جن کی جانیں خطرے میں ہیں۔