بے رحم احتساب سے میرٹ کابول بالا ہوگا، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بے رحم احتساب کے عمل سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ ہو گا بلکہ میرٹ کا بھی بول بالا ہوگا، اب کوئی طاقتور اپنی طاقت اور دولت کے بل بوتے پر قانون کے شکنجے اور احتساب کی گرفت سے نہںبچ سکے گا، بلا امتیاز احتساب اب محض نعرہ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے جسے عوام اپنے سامنے ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزیر زکوٰۃ شوکت علی لالیکا اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ کی پالیسی پر پوری ایمانداری سے عمل پیرا ہے اور قومی اداروں کے استحکام اور وقار و عزت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہم سب آج جن عہدوںپر فائز ہیں وہ عوام کے ووٹوں کی مرہون منت ہیں اور پی ٹی آئی اس بات پر پورا یقین رکھتی ہے کہ عوامی خدمت ہی وہ پہلا زینہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے منشور کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوم کی مشکلات سے چشم پوشی اور ان کے حقوق سے غفلت حکومتوں کے زوال کا سبب بنتی ہیں ۔