مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی دہشت گردی،کریک ڈاون کے دوران کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع اسلام آباد میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ جبکہ ضلع کلگام میں نامعلوم حملہ آوروں نے 5 مزدور قتل کردئیے،قابض فوجیوںنے بدھ کو ایک نوجوان کو ضلع کے علاقے بیج بہاڑہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔ دریں اثنا نامعلوم افراد کی طرف سے ضلع پلوامہ کے علاقے درابگام میں بھارتی فوج کے ایک بنکر پر حملے کے بعد قابض اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی ۔ بھارتی فوجیوں نے بعد میں علاقے کا محاصرے کر کے حملہ آوروںکی تلاش شروع کر دی۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں 5 مزدوروں کو قتل کر دیا گیا۔مقبوضہ کشمیر کی پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ان مزدوروں کو گھر سے نکال کر فائرنگ کر کے قتل کیا، مارے گئے افراد کا تعلق مغربی بنگال سے تھا۔حریت رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 5 بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے۔حریت رہنما عبدالحمید لون کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر تحریکِ آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی مذمت کرتے ہیں دریں اثنا ء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے کے باعث وادی کشمیر اور جموںکے مسلم اکثریتی علاقوں میں بدھ کو مسلسل 87ویں روز بھی معمولات زندگی مفلوج رہے ۔ علاقے میں دفعہ 144کے تحت سخت پابندیاں نافذ ہیں جبکہ انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل فون سروس معطل ہے۔لوگ بھارت کی طرف سے حالات معمول کے مطابق دکھانے کی کوششوں کی مزاحمت کررہے ہیں ۔ وادی کشمیر میںعملا غیر اعلانیہ سول نافرمانی ہورہی ہے جس کا مقصد بھارت کی طرف سے 5اگست کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔اس تحریک کے تحت دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کررکھی ہیں، طلباتعلیمی اداروں سے غیر حاضر ہیں، سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین دفاتر نہیںجاتے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ 87 ویں دن بھی معمولات زندگی تواتر کے ساتھ متاثر رہے ۔ ۔ شہر سری نگر کے تمام علاقہ جات بشمول تجارتی مرکز لالچوک میں دن کے وقت دکانیں بند اور تجارتی سرگرمیاں متاثر رہیں۔ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا تاہم نجی ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معمول سے زیادہ ہی دیکھی گئی، شہر سری نگر کی طرح وادی کے دوسرے ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں بھی دن بھر بازار بند رہے اور تجارتی سرگرمیاں مفلوج رہیں اورسڑکیں پبلک ٹرانسپورٹ سے خالی رہیں تاہم نجی ٹرانسپورٹ حسب معمول جاری رہا۔لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے وادی میں جہاں پانچ اگست سے ریل سروس بند ہے وہیں انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل معطل ہے تاہم مواصلاتی نظام پر عائد پابندی کو بتدریج ہٹایا جارہا ہے ۔ ریلوے حکام کے مطابق ریل سروس کو لوگوں، ریلوے عملے اور املاک کے تحفظ کے لئے بنا بر احتیاط معطل رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی طرف گرین سگنل موصول ہونے کے بعد ہی ریل سروس کا بحال کیا جائے گا