آزادی مارچ ایک تحریک ہے دھرنا نہیں اور یہ تحریک ضرورکامیاب ہوگی:فضل الرحمان

جے یوآئی(ف) کے سربراہ فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ ایک تحریک ہے دھرنا نہیں اور یہ تحریک ضرورکامیاب ہوگی۔ فضل الرحمان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اگراسلام آباد پہنچنے پرعوام کی رائے کا احترام نہ کیا گیا تو اس تحریک مزید سخت کریں گے، یہ تحریک ہے یہ کوئی دھرنا نہیں ہے، ہم نے اسکے لئے دھرنے کا لفظ استعمال نہیں کیا، یہ ایک عوامی تحریک ہے اوراس سے نتائج نہیں ملتے تواس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ تحریک رک جائے گی۔ کراچی سے لاہور اور اسلام آباد تک عوام نے طے کرلیا ہے کہ اس حکومت کی مزید گنجائش نہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں، کراچی سے اسلام آباد تک قوم یکسوہے کہ عمران خان استعفی دیں اور بھیانک انجام سے بچیں، اس حکومت نے کشمیر کو بیچا ہے، کشمیرکو بیچنے والے ملک میں حکومت نہیں کرسکتے۔فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کے احتساب کے ڈراموں کے اختتام کا وقت آگیا ہے، آج مزدور، کسان اورغریب روزگارکے لئے پریشان ہے، نوجوان مستقبل کو اندھیرے میں دیکھ رہا ہے، مذہبی طبقی اس لئے فکرمند ہیں کہ اس حکومت میں ختم نبوت اورمعیشت بھی غیر محفوظ ہے، تمام جماعتوں نے آزادی مارچ میں شرکت کر کے قومی یکجہتی کا ثبوت دیا ہے جس کے لیے مسلم لیگ(ن)،پیپلز پارٹی اور دیگر تمام تنظیموں کے دوستوں کا شکرگزارہوں،علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی(ف) کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ تحریک ہے جو ضرور کامیاب ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے نوازشریف سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی مگر ڈاکٹروں نے اجازت نہیں دی۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے پر عوامی رائے کا احترام نہ کیا توآزادی مارچ مزید سخت ہوگا۔