پاکستان میں انسانوں کا نظام نہیں، جانوروں کا نظام ہے، چور، ڈاکوؤں کو مسلط کردیا گیا : عمران خان

سادھوکی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں انسانوں کا نظام نہیں، جانوروں کا نظام ہے، یہاں چوروں اور ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا۔سادھوکی کے مقام پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنکھوں کی سامنے پاکستان بدل رہا ہے، انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں ایک فرق ہوتا ہے، جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، طاقتور جو مرضی کرے انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، اگر انسانوں کے معاشرے میں انصاف نہیں تو وہ جانوروں کا معاشرہ بن جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سارے پیغمبر ایک چیز مانگتے تھے اور وہ ہے انصاف، سارے پیغمبروں نے ظلم کا مقابلہ کیا، آج پاکستان میں انسانوں کا نظام نہیں، جانوروں کا نظام ہے۔ یہاں چوروں اور ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کر دیا گیا، گزشتہ چھ ماہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، میر جعفر اور میر صادق سازش کرکے ملک کے اوپر ان کو لیکر آئے، عوام کا معاشی قتل کیا، بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں کہ تم ہی کہتے تھے کہ یہ ڈاکو ہیں، اب ہمارے اوپر مسلط کرکے ان کو کہتے ہو تسلیم کرلو، دو صحافی ملک سے باہر چلے گئے، اس سے پہلے بھی صحافی ملک سے باہر چلے گئے، اعظم سواتی، شہباز گل کو ننگا کرکے تشدد کیا گیا، سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اعظم سواتی کو بلایا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا ایک مقصد ہے، ہمارے ملک میں انصاف چاہیے، یہ وقت اپنی تقدیر بدلنے کا ہے، یہ دھمکیاں دیتے اور ظلم کر رہے ہیں، 75 سالہ سینیٹر اعظم سواتی کو پوتا اور پوتی کے سامنے تشدد کیا گیا، اعظم سواتی کا قصور ہے جس نے ایک ٹوئٹ کی جس میں آرمی چیف پر تنقید کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ جیسے چوہے ہمیں دھمکیاں نہ دو، رانا ثناء اللہ نے اٹھارہ قتل کیے، نواز شریف اس ملک کا مجرم ہے، آصف زرداری اس ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، اسلام آباد میں عوام کا سمندر آرہا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد تیاری کرلے۔