جس ادارے نے پالا عمران نیازی نے اسی کیخلاف زہر اگلنا شروع کر دیا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے اپنی ذات پاکستان کو نقصان پہنچنے سے زیادہ ہے۔لاہور میں یوٹیوبرز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعطم شہباز شریف کا کہنا تھا سعودی عرب اور چین پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل صورتحال میں پاکستان کا ساتھ دیا لیکن عمران خان نے دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔
ان کا کہنا تھا سعودی عرب نے عمران خان کو بطور وزیراعظم قیمتی گھڑی کا تحفہ دیا تھا، سعودی عرب نے عمران خان کو 14 یا 18 کروڑ کی گھڑی تحفے میں دی تھی، عمران خان نے تحفہ بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے تحفے بیچ کر تحفے دینے والے ملک کے سربراہ کی توہین کی، عمران خان نے تحفے توشہ خانہ میں جمع کرانے سے پہلے فروخت کیے، تحفے پہلے فروخت کیے گئے پھر اس کا ایک حصہ توشہ خانہ میں جمع کرایا گیا، مجھے جو تحفہ ملا وہ عمران خان کو ملنے والی گھڑی سے بھی زیادہ مہنگا ہے لیکن میں نے وہ تحفہ توشہ خانے میں جمع کرا دیا۔عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان کے ساتھ اس وقت لوگ ہوں گے، ہٹلرکے ساتھ بھی لوگ تھے، ہٹلرنے جرمنی کی معیشت کو بدل کر رکھ دیا اور کام کرکے دکھایا پھر اپنے ہاتھ سے سب کچھ تباہ کر دیا۔ان کا کہنا تھا ادارے نے سوچا ہو گا عمران خان کو سپورٹ کرتے ہیں شاید پاکستان کی حالت بہتر ہو جائے لیکن جس ادارے نے عمران نیازی کو پالا اس نے اسی کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا، ڈائن بھی 3 گھر چھوڑ کر حملہ کرتی ہے لیکن عمران نیازی نے افواج پاکستان پر تابڑ توڑ حملے کیے۔