نیشنل ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ: راولپنڈی‘ فیصل آباد اور کراچی کی فتح‘ ملتان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
کراچی (قمر خان/اسحاق بلوچ) فیصل بنک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے روز راولپنڈی ریمز نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملتان ٹائیگرز کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ دوسری طرف فیصل آباد وولوز نے افغان چیتاز کو 13 رنز سے ہرا دیا جب کہ کراچی ڈولفنز نے آفریدی کی زبردست کارکردگی کی بدولت اسلام آباد لیپرڈز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ راولپنڈی ریمز کی اس کامیابی میں باولر رمیز کی میڈن اوور ہیٹ ٹرک اور اوپنر اویس ضیا کی نصف سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔ ملتان ٹائیگرز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا ئے راولپنڈی ریمز نے 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ ملتان ٹائیگرز کی طرف سے شہباز احمد نے ٹونٹی20 ڈیبو کیا۔ گروپ بی کے دوسرے میچ میں فیصل آباد وولوز نے افغان چیتاز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 13 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ۔ اب 30 ستمبر جمعہ کو فیصل آباد کا سامنا لیگ کے آخری میچ میں راولپنڈی ریمز سے ہو گا اور کامیاب ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔ فیصل آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز سکور کئے جواب میں افغان چیتاز اس ہدف کو حاصل نہ کر سکے۔ گل بدین نبی نے شاندار 68 رنز بنائے اور مین آف دی میچ رہے۔ ٹی 20 کے تیسرے میچ میں اسلام آباد نے 9 وکٹوں پر 131 رنز بنائے۔ آفریدی نے 3، فواد، سمیع اور فراز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں کراچی ڈولفنز نے ہدف 2 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ آفریدی نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ شاہ زیب حسن نے 21 رنز بنائے، آفریدی آل راﺅنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔