شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری،دنیا کے مزید چھ بڑے کرکٹ سٹارز پاکستان سپرلیگ کی کہکشاں کا حصہ بن گئے
پاکستان سپرلیگ کی کشش نے دنیا کے بڑے بڑے کرکٹ سٹارز کی توجہ حاصل کر لی۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کرکٹ کے دیوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر سے مزید چھ بڑے کرکٹ سٹار پاکستان سپرلیگ کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جے پی ڈومنی، کرس لین، مچل جانسن، اینجلو میتھیوز، راشد خان اور ایون لوئی پی ایس ایل کو جوائن کریں گے۔ ساؤتھ افریقن کرکٹر ڈومنی بائیں ہاتھ کے نامور بلے باز ہیں اور پارٹ ٹائم آف سپن باؤلنگ کرتے ہیں۔ آسٹریلیا کے مزید دو کرکٹرز کرس لین اور مچل جانسن پاکستان سپرلیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کرس لین مڈل آرڈر بلے باز ہیں جبکہ مچل جانسن اپنی تباہ کن باؤلنگ کی وجہ سے کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ سابق سری لنکن کپتان اور بہترین آل راؤنڈر اینجلومیتھیوز بھی اس بار پی ایس ایل میں جگمگائیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خطرناک بیٹسمین ایون لیوئس بھی پی ایس ایل میں چوکوں اور چھکوں کی بارش کرنے کیلیے تیار ہیں جبکہ افغان قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلر راشدخان بھی پاکستان سپرلیگ کھیلیں گے۔