حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کےمزار مبارک کو عرق گلاب سے غسل دیدیا گیا
حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 974ویں سالانہ عرس کے سلسلے میں مزارکوعرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ اس موقع پر دنیابھرسے زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ غسل کی تقریب میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور صوبائی وزرا زعیم قادری، بلال یاسین، مجتبی شجاع الرحمان بھی شریک ہوئے۔ غسل کے موقع پرتلاوت،نعت اور درودوسلام پڑھا گیا۔ اس موقع پر خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے مزار سے آئے پیربلال چشتی کا کہنا تھا کہ لگتا ہے یہ حکمرانوں کی الوداعی حاضری ہے اسی لیے سوائے حکمرانوں کے مشائخ اور پیران عظام کو غسل کی تقریب میں شامل نہیں ہونے دیا گیا۔ حضرت داتاگنج بخش کے مزار پر دنیابھر سے آئے عقیدت مندوں کا کہنا تھا کہ اولیااللہ کے دربار میں آ کر روحانی سکون ملتا ہے۔ حضرت داتا گنج بخش کا تین روزہ عرس ماہ صفر میں منعقد ہوتا ہے لیکن ان کے مزارکوغسل سوامہینہ پہلے ہی دے دیا جاتا ہے جس کے بعد عرس کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا آغاز ہو جاتا ہے۔