زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیاء کی کھیپ آزاد کشمیر بھجوائی جارہی ہے، گورنر پنجاب
پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے امدادی اشیاء کی کھیپ آزاد کشمیر بھجوائی جارہی ہے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخیر افراد اور تاجروں کے تعاون سے کھانے پینے کی اشیاءادویات اور خیموں سمیت امدادی اشیاء سے لدے ٹرکوں کا کارواں روانہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امدادی اشیاء کی کھیپ آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آج رات پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ کل آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے جہاں وہ متاثرین زلزلہ سے ملاقات کرکے ان میں امدادی اشیاء تقسیم کریں گے۔چوہدری سرور نے کہا کہ بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ان مظالم کانوٹس لیا جائے۔