العزیزیہ ریفرنس:نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہو گی
:سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بیچ کمرہ عدالت نمبر 2 میں دن 12 بجے کرے گا۔ سماعت میں کاؤنٹی کورٹ کے ذریعے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق رپورٹ بھی آج عدالت میں جمع کرائی جائے گی جبکہ قونصل اتاشی سے ذاتی حیثیت میں وارنٹس تعمیل سے متعلق رپورٹ بھی آج کی سماعت پر پیش کی جائے گی۔ گذشتہ سماعت پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف نواز شریف کی اپیل بھی زیر سماعت ہے، ہم نے نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کا پراسیس شروع کر رکھا ہے، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھاکہ ڈاک کے ذریعے بھجوائے گئے وارنٹس وصول ہو چکے ہیں۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کاؤنٹی کورٹ سے وارنٹ کی تعمیل کا کیا بنا؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ تعمیل کی رپورٹ جمع کرانے کیلئےمہلت دی جائے۔ عدالت نے نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت 30ستمبر تک ملتوی کر دی تھی۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نےیکم ستمبر کو حکم دیا تھا کہ سابق وزیراعظم العزیزیہ ریفرنس میں عدالت کے سامنے سرنڈر کریں۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو بھی ہدایت کی تھی کہ10 ستمبر تک نوازشریف کے متعلق تمام ریکارڈ جمع کرایا جائے۔لیکن نواز شریف عدالت پیش نہ ہوئے تھے۔