اپوزیشن احتجاجی مارچ کی باتیں کرکے سیاسی طور پر زندہ رہنا چاہتی ہے۔ گورنرپنجاب

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام حکومت مخالف کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، اپوزیشن سے کوئی خوف نہیں، قوم کی طاقت حکومت کے ساتھ ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ایم این اے عاصم نذیر اور ایم پی اے سعید احمد سعدی نے ملاقات کی، اس موقع پر ترقی منصوبوں سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن احتجاجی مارچ کی باتیں کرکے سیاسی طور پر زندہ رہنا چاہتی ہے، الیکشن ضرور ہوں گے مگر 2023سے پہلے کسی صورت نہیں، کرپشن کا خاتمہ اور بلاتفریق شفاف احتساب ملک وقوم کیلئے لازم ہے۔ ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام حکومت مخالف کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان کو آگے بڑ ھنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نےانتہائی مشکل معاشی حالات میں ملک سنبھالا، حکومتی پالیسیوں کامحور غریب طبقے کی فلاح و بہبود ہے، ہم اداروں میں اصلاحات لارہے ہیں، میرٹ پر کام کررہے ہیں۔