پنجاب حکومت کی کارکردگی کو دیگر صوبوں کیلئے مثال بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کو دیگر صوبوں کیلئے مثال بنانا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے گجرات کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں گجرات کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 360 ارب روپے کے فنڈز ملنے سے ترقی کا انقلاب آئے گا، پنجاب کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بعض علاقوں کو دانستہ پسماندہ رکھا گیا، ماضی کی روایات کے برعکس عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ترجیحا مکمل کروائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی گجرات سمیت ہر شہر کا حق ہے اور عوام کو یہ حق ضرور لوٹائیں گے، پنجاب حکومت کی کارکردگی کو دیگر صوبوں کے لئے مثال بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ عزیز بھٹی شہید اسپتال گجرات کی اپ گریڈیشن سے عوام کو سہولت ملے گی، گجرات میں رام پیاری میوزیم کی تکمیل سے سیاحتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ واضح رہے کہ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی چوہدری لیاقت علی، سلیم سرور جوڑا، میاں محمد اختر حیات اور محمد ارشد چوہدری موجود تھے۔