ملک بھر میں سرکارِ دو عالم حضرت محمدۖ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا

ملک بھر میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ، پاکستان کے شہر شہر، گلی گلی کو سبز قمقوں سے سجا گیا اور کئی عمارتوں پر چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ملک کے ہر کونے میں فضا معطر رہی اور سب نے اپنے اپنے انداز میں خاتم النبین، رحمة اللعالمین، وجہ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا،حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا دن منانے کے لئے خصوصی اہتمام کیا گیا ۔عید میلاد النبی ۖ کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد، گھروں، دفاتر، محلوں، عمارتوں، گلیوں اور بازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ ہر سو درود و سلام و میلاد کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔ عید میلادالنبیۖ کے موقع پر جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعائوں سے ہوا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، پاک فوج کے چاق و چوبند جوانوں نے فلک شگاف نعرے لگائے اور ملک میں امن، سلامتی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔ جشن ولادت مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محافل منعقد کی گئیں۔ولادت النبی ۖ کے حوالے سے ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس جی سیون مرکز ستارہ مارکیٹ سے نکالا گیا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا سخی محمود دربار آبپارہ میں آ کراختتام پذیر ہوا ۔ کراچی کے کئی علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جو مرکزی جلوس کا حصہ بنے۔کراچی میں مرکزی جلوس عید میلاد النبی بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا۔ مرکزی جلسہ میلاد نشتر پارک منعقد ہوا ۔جلوس اور جلسہ کے انتظامات کیلئے جماعت اہلسنت کراچی کے ایک ہزار رضاکار سکائوٹس نے فرائض انجام دیئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سرکای اور نجی عمارتوں، گلیوں، بازاروں، گھروں اور مساجد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ، رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کرتی رہیں۔مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ۔ جشن ولادت رسولۖ کی مناسبت سے شہر میں مختلف مقامات پر نیاز اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دعوت اسلامی کے زیراہتمام عید میلاد النبیۖ کا جلوس کھارادر سے برآمد ہو ا، جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا مسجد گلزار حبیب پراختتام پذیر ہوا ۔مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوسرا جلوس میمن مسجد کھارا در سے برآمد ہو ا۔ میمن مسجد سے نکلنے والا جلوس مختلف راستوں سے ہوتا آرام باغ اختتام پذیر ہوا ۔جماعت اہل سنت کا جلوس میمن مسجد کھارادر سے برآمد ہوا، جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشتر روڈ پر اختتام پذیر ہو ا۔ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کا جلوس نکلتے ہی ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ، جلوس کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا گیا ، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی گلیاں اور سڑکیں بھی بند رہیں ۔حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں بھی جشن میلاد النبیۖ پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔لاہور میں میلاد النبیۖکا جلوس نوری مسجد ریلوے سٹیشن سے شروع ہو کر مختلف راستوں پر گامزن ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوا، جشن عید میلادالنبی کے حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔لاہور میں عید میلاد النبیۖ کے حوالے سے محکمہ اوقاف کیزیراہتمام رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد کی گئی ، تحریک لبیک کی جانب سے میاں میر دربار سے جلوس نکالاگیا۔گوجرانوالہ میں عید میلادالنبیۖکے موقع پر 100 من کھیر تیار کی گئی جو لوگوں میں تقسیم کی گئی۔پنجاب بھر میں بھی عیدِ میلاد النبی ۖکی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی، سنٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے گئے تھے۔ملتان میں مرکزی ریلی قلعہ کہنہ قاسم باغ سے چوک بازار تک نکالی گئی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی ریلی میں شریک ہوئے۔فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، جھنگ، سیالکوٹ، بہاولنگر، گجرات، رحیم یار خان سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ راولپنڈی میں جشن عید میلاد النبیۖ کے سلسلے میں جلوس نکالے گئے ، جلوسوں کیلئے ٹریفک پولیس کے 455 سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ، جلوسوں کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے ، شرکا کو مکمل باڈی سرچ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ملی۔جشن عین میلاد النبی ۖ کے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات رہے، جلوس کے روٹ پر گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا گیا۔نوشہرہ، مانسہرہ، شبقدر، ایبٹ آباد، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کے لئے محافل کا انعقاد کیا گیا۔جشن عید میلادالنبی ۖ کے سلسلے میں نصیر آباد، جعفرآباد، حب، خضدار، گلگت، استور، مظفر آباد، میر پور، کوٹلی، نکیال، وادی نیلم سمیت مختلف شہروں میں بھی جشن عید میلاد النبیۖ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر میں پولیس کی جانب سے امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور جلوس کی گزر گاہوں پر پولیس، رینجرز کے مستعد اہلکار تعینات رہے۔