اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آٹھ روپے اٹھارہ پیسے فی لیٹر تک کےممکنہ اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو بجھوا دی۔ نئی قیمتوں پر عملدرآمد آج رات بارہ بجے سے ہو گا۔
اوگرا کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کے مطابق پٹرول کی قیمت میں سات روپے ستتر پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے چورانوے پیسے، ایچ او بی سی کی قیمت میں آٹھ روپے اٹھارہ پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں پانچ روپے چھیاسی پیسے اور ایل ڈی او کی قیمت میں پانچ روپے چون پیسے تک اضافہ کی سفارش کی گئی ہے۔ دوسری جانب وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافےمیں پچاس فیصد تک ریلیف فراہم کرنےکی سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی ہے۔ جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں تین روپے اٹھاسی پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے ستانوے پیسے، ایچ اوبی سی کی قیمت میں چار روپے نو پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں دو روپے ترانوے پیسے اور ایل ڈی او کی قیمت میں دو روپے ستتر پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزارت خزانہ وزارت پٹرولیم کی تجویز کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کو کسی حد تک ریلیف ضرور فراہم کرے گی۔