عدلیہ کا احترام بحال رکھتے ہوئے آئین اورقانون کے مطابق خط لکھنے کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف
سرکاری ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے کہا کہ عدالت میں بھی کہا تھا اور اب بھی کہتے ہیں کہ خط لکھنے کے معاملے کے باعث کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ کوشش ہے کہ مسئلے کا آئین اور قانون کے مطابق حل نکل آئے۔ عدالت کی عزت کو بحال رکھنا چاہتے ہیں اور غیر یقینی کیفیت بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے مفاہمت کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کیا۔ ملک میں صاف اور شفاف ابنتخابات اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سابقہ دور حکومت سے ہی خراب تھی لیکن اب اس میں بہتری آئی ہے۔ بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ایک فیصد طبقہ انتشار پھیلا رہا ہے۔ باقی پورا صوبہ پاکستانیت پر یقین رکھتا ہے، صوبوں کو اختیارات اور مرکز سےمحاصل کا حصہ دیکر بلوچ عوام کو حقوق دیئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ اقلیتوں کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو آئین اور اسلام کی رو سے حقوق حاصل ہیں ۔اقلیتیں دیگر پاکستانیوں کی طرح پاکستانی ہیں ، انکی ہر طرح سے حفاظت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے۔ پاکستان کے دشمن لڑانے اور نفرت پیدا کر رہے ہیں، اسکی روک تھام کی کوششیں کر رہے ہیں۔