یوم آزادی کے حوالے سے معروف کاروباری شخصیت ابرار کیانی اور افضان شاہ نواز نے قوالی کے ہروگرام کا انعقاد کیا۔ مہمان خصوصی تحریک انصاف کے ایم این اے شہریار خان آفریدی نے آزادی کیک کاٹا

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) فرانس میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات جاری ہیں۔ شاہ نواز میرج ہال میں معروف کاروباری اور سیاسی شخصیت ابرار کیانی اور افضان شاہ نواز نےقوالی کے ایک پروگرام کا انعقاد کیا ۔ پروگرام کے مہمان خصوصی تحریک انصاف کے مرکزی راہنما ممبر قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی تھے ۔ گلوکارمظہر راہی نے ملی نغمے پیش کئے ۔ اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ پاکستان کے معروف قوال شہباز حسین اور فیاض حسین نے اپنی قوالیوں سے سماں باندھ دیا حاضرین قوالیوں پر سر دھنتے رہے دھمال ڈالتے رہے اورقوالوں پر ڈالروں کی برسات کرتے رہے قوالی کے اس پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ مسلملیگ ق کے صدر چوہدری منیر وڑائچ ، چوہدری ممتاز پکھووال اور تحریک انصاف کے کوآرڈینیٹر چوہدری گلزار لنگڑیال ، طاہر اقبال نے خصوصیطور پر شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمان خصوصی شہریار خان آفریدی ایم این اے نے آزادی کیک کاٹا اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کیگئی۔ اس موقع پر وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مہمانوں کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے حوالے سے ایسے پروگراموں کا انعقاد خوش آئیند ہے اور افضان نواز ، ابرار کیانی اور اور پوٹھوہار ایسوسی ایشن مبارکباد کی مستحق ہے کہ جنہوں نے کمیونٹی کو تفریح کا موقع بھی فراہم کیا اور اپنی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھنے کیلئے وسائل مہیا کئے۔