امریکی صدر اور افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن کے بیانات دھمکی آمیز ہیں۔ پوری قوم ایک پیج پر ہے: وزیرخارجہ خواجہ آصف
سپیکرایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں جنوبی ایشیا پرامریکی پالیسی سےمتعلق قرارداد پیش کی گئی جسےمتفقہ طورپرمنظور کرلیا گیا۔ ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا پوری قوم اس وقت ایک پیج پر ہے۔ ایوان اکیس اگست کی امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسی کو مسترد کرتا ہے۔ امریکی صدر اور افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن کے بیانات دھمکی آمیز ہیں۔ ایوان جنرل نکلسن کے طالبان شوریٰ کی کوئٹہ اور پشاور میں موجودگی کا دعویٰ مسترد کرتا ہے۔ قومی اسمبلی سے منظور قرارداد کے مطابق پاکستان کو ایک سو تئیس ارب ڈالرز کا نقصان ستر ہزارافراد شہید ہوئے۔ مسلح افواج کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کو بھی نظرانداز کیا گیا۔ امریکا کی طرف سے بھارت کو بالادست بنانے سے خطہ عدم استحکام سے دوچار ہوگا۔ وزیرخارجہ نے کہا نائن الیون کے بعد سابق صدر پرویزمشرف امریکی جنگ کو پاکستان لائے۔ پوری قوم آج ان کی غلط پالیسیوں کی سزا بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا ایک سپرپاور اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار ہمیں ٹھہرانا چاہتا ہے۔ پاک امریکا تعلقات میں پیشرفت ستمبر میں ہو گی۔ حکومت کے مؤثر اقدامات کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کم ہوئی ہے۔