کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے, بلاول بھٹو
شہید بینظیربھٹو کے بچوں بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو نے اپنی والدہ کے قتل کیس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور بینظیربھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے۔ دہشت گردوں کی رہائی صرف ناانصافی ہی نہیں بلکہ خطرناک بھی ہے۔ بلاول بھٹو نے فیصلے پر قانونی آپشن پر غور کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔ بینظیربھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ دس برس بیت گئے اور ہم ابھی تک انصاف کا انتظار کر رہے ہیں۔ سہولت کاروں کو سزا دی گئی مگر جو اصل مجرم پایا گیا وہ آزاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا جب تک مشرف اپنے جرم کا حساب نہیں دیتے انصاف نہیں ہوگا۔ شہید بینظیربھٹو کی دوسری صاحبزادی بختاور بھٹو کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا ہے مشرف نے جائے وقوعہ دھونے کا حکم دیا اور شہید محترمہ بینظیربھٹو کو گاڑی کے اندر بند رکھنے کیلیے دروازے بند کرائے۔ بختاور نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ہیش ٹیگ میں پرویزمشرف کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے