جسٹس طاہرہ صفدر پاکستان میں پہلی خاتون چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ مقرر

Aug 31, 2018 | 17:12

بلوچستان ہائیکورٹ کی سینئر جج جسٹس طاہرہ صفدر کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ مقرر کردیا گیا جس کے بعد طاہرہ صفدر کو ملکی تاریخ میں پہلی بار ہائیکورٹ کی چیف جسٹس تعینات ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کی سینئر جج جسٹس طاہرہ صفدر کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ مقرر کردیا گیا ،بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس طاہرہ صفدر  ہفتہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس طاہرہ صفدر کو ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا۔اس سے قبل بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی تھے جو آج اکتیس اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔جسٹس سید طاہرہ صفدر پانچ اکتوبرانیس سو ستاون کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں، وہ سید امتیاز حسین باقری حنفی کی صاحبزادی ہیں۔انہوں نے انیس سو اسی میں لا کالج کوئٹہ سے ڈگری حاصل کی۔ اور انیس سو بیاسی میں پہلی خاتون سول جج بنیں۔طاہرہ صفدر بلوچستان یونیورسٹی سے اردو ادب میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں۔وہ 1987 ء میں سینئر سول جج،1991 ء میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور 1996ء میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقرر ہوئیں۔اس سے قبل بلوچستان کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے بیرون ملک دورے کے موقع پر جسٹس طاہرہ صفدر، ہائی کورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔

مزیدخبریں