مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر گمنام قبروں کا ملنا بھارت کے مکروہ چہرے پر ایک طمانچہ ہے:نفیس ذکریا
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر گمنام قبروں کا ملنا اور وادی میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور انسانیت کے خلاف گھنائونے جرائم بھارت کے فسطائی اور مکروہ چہرے پر ایک طمانچہ ہے۔انہوں نے یہ بات کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے حوالے سے ایک تقریب اور بعد میں ایک تصویری نمائش کے دورے کے بعد لندن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ نمائش میں مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی قابض فورسز کے وحشیانہ مظالم کی عکاسی پر مبنی تصاویر رکھی گئی ہیں۔نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارت کے فسطائی اقدامات امن پسند لوگوں انسانی حقوق کے کارکنوں اور سب سے بڑھ کر عالمی برادری کے ضمیر کیلئے بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں مسلم ممالک کے سفارتکاروں اور پاکستانی نژاد برطانوی صحافیوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام سے بھر پور یک جہتی کا اظہار کیا۔