حکومت کی معاشی پالیسیاں دن بدن پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ کررہی ہیں۔احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس وقت لوگ مہنگائی سے کچلے جارہے ہیں،حکومت کی معاشی پالیسیاں دن بدن پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ کررہی ہیں۔ گذشتہ دو ماہ کے اندر روپیہ ڈالر کے مقابلہ میں اپنی11روپے قدر کھو بیٹھا ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید کمی کا اندازہ ہے جس سے ملک کے اندر بدترین مہنگائی کی لہر آئے گی اور یہ وہ سارے محرکات ہیں جن کی وجہ سے پی ڈی ایم کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم عوام کے پاس دوبارہ جائیں گے اور عوام کی تائید اور حمایت سے موجودہ حکومت کو نکالنے کے لئے ایک پبلک موبیلائزیشن کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم نے رابطہ عوام مہم کاآغاز کیا ہے اور جمہوریت کے اندر عوام کو بڑے پیمانے پر متحرک کر کے ہی آگے بڑھا جاتا ہے ، پہلے بھی جب ہم نے رابطہ عوام مہم شروع کی تھی تو پے درپے حکومت کو ضمنی انتخابات میں شکست ہوئی اور پی ڈی ایم اور (ن)لیگ کے امیدواروںکو کامیابیاں حاصل ہوئیں اس میں کچھ تعطل پیداہوا کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی مارچ کے مہینے میں ہم سے علیحدہ ہو گئی تھی اب نئی صف بندی کے ساتھ کراچی میں پی ڈی ایم نے بہت بڑا جلسہ کیا ہے اور یہ ماضی کے تمام جلسوں سے بڑا تھا اور اسی طریقہ سے اب ہم ملک کے اندر عوام کے پاس بھر پور طریقہ سے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عوام مہم الیکشن کی بھی تیاری ہوتی ہے اور موجودہ حکومت جو کہ پاکستان کی معیشت سے کھیل رہی ہے ، رواں سال انہوں نے ساڑھے تین یا400ارب روپے کی ٹیکس لگانے تھے جو انہوں نے مئوخر کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی موجودہ حکومت الیکشن کا اعلان کرے گی تو ان کا حشر بھی ویسا ہی ہو گا جیسا 2007-08میں (ق)لیگ کا ہوا تھا اور ان کا مکمل صفایا ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف 2018میں جو مصنوعی سیٹ اپ پاکستان پر مسلط کیا گیا تھا وہ ہے اور اس کی وجہ سے پورا وفاق ڈسٹرب ہے، نہ صرف ان سے وفاقی حکومت نہیں چل رہی بلکہ ان سے صوبائی حکومتیں بھی نہیں چل رہیں ، اس وقت پنجاب میں گورننس بدترین ہو چکی ہے ، آٹھ، آٹھ، 10،10اور11، 11سیکرٹریز بدلے جارہے ہیں ، خیبر پختونخوا میں نالائق حکومت مسلط کی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں اور بلوچستان میں مصنوعی حکومت ٹیسٹ ٹیوب میں باپ پارٹی کے نام سے مسلط کی گئی ، اس نے وہاں کی گورننس کا بیڑہ غرق کردیا ہے ۔ اس وقت ہمارا ہدف یہ ہے کہ وفاقی حکومت کو نشانہ بنایا جائے تا کہ ملک کے اندر ایک آزاد اور منصفانہ الیکشن ہو۔