ای سی سی کی روز ویلٹ ہوٹل کے واجبات کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی منظوری
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل کارپوریشن کے واجبات کی فوری ادائیگیوں کی غرض سے فنڈز کی فراہمی کے لئے ایوی ایشن ڈویژن کی ایک سمری منظور کی ہے۔وزیر خزانہ شوکت ترین کے زیر صدارت اجلاس میں واجبا ت کی ادائیگی میں دانشمندانہ طرز عمل اختیار کرنے اور فنڈز کے استعمال کے بارے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔کمیٹی نے روز ویلٹ کو درپیش مالیاتی اور آپریشنل چیلنجزسے نمٹنے کے لئے عالمی معیار کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو ساڑھے اکیس کروڑ روپے کی ایک تکنیکی ضمنی گرانٹ جبکہ کووڈ19 کی ویکسین کی خریداری کیلئے50 ملین کی گرانٹ منظور کی ہے۔