سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری سینیارٹی کی بنیاد پر ہوگی : پارلیمانی کمیٹی میں آئینی ترمیم منظور

اسلام آباد : ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی نے اتفاق رائے سے آئینی ترمیم منظورکرلی ۔ مجوزہ ترمیم کے مطابق سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری سینیارٹی کی بنیاد پر ہوگی۔ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی نے اتفاق رائے سے آئینی ترامیم منظورکرلیں ۔
آئینی ترمیم منظور کے مطابق ججز سینیارٹی کا تعین ان کی ہائی کورٹ میں بطور جج تقرری کی تاریخ سے ہوگا اگر ججز کا ایک ہی دن تقرر ہو تو فیصلہ عمر کی بنیاد پر ہوگا۔ پارلیمانی کمیٹی کی مجوزہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ میں ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سے بڑھا کر 65 کی جائے۔ سپریم کورٹ میں ایڈ ہاک یا قائم مقام ججز کا تقرر ججز پارلیمانی کمیٹی کی تصدیق سے ہوگا۔