وفاقی کابینہ نے پیار اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری دے دی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر ٹیکس معاف کرنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ایف بی آر کی پیاز، ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔کابینہ کی جانب سے پیاز اور ٹماٹر پر ٹیکس کی چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔ واضح رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں بارشوں اور سیلاب کے باعث تیار فصلیں اور زرعی اراضی مکمل تباہ ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک میں سبزیوں اور بالخصوص پیاز، ٹماٹر کی قلت کا خدشہ ہے۔وزارت تجارت نے اس خدشے کے پیش نظر افغانستان سمیت دیگر ممالک سے ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے کی اجازت دی اور بتایا کہ حالیہ بارشوں سے سبزیوں کی پیداوار متاثر ہونے اور مارکیٹ میں قلت کی صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔وزارتِ تجارت کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث پیاز اورٹماٹر کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے آئندہ تین ماہ تک ٹماٹر اور پیاز کی قلت کا سامنا رہے گا۔