سنگین نوعیت کے توہین عدالت کیس میں نرم دلی کا مظاہرہ کرکے عمران خان کو موقع دیا گیا: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے سنگین نوعیت کے کیس میں لارجر بینچ نے نرم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں ایک اور موقع دیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ توہین عدالت کے مقدمات کے کئی فیصلوں میں کہا گیا کہ عمومی طور پر توہین عدالت کے حوالے سے عدالتوں کو آہستہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک بار کورٹ توہین عدالت کا معاملہ لے اور جس نے توہین کی ہے وہ اپنے کیے ہوئے پر شرم محسوس نہ کرے اور ڈھٹائی کے ساتھ کہے کہ ہاں میں نے یہ بات کی ہے اور میری نظر میں یہی بات درست ہے تو پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی کبھی یہ ہوا ہو کہ اس شخص کو سزا کے بغیر عدالت سے رخصت کیا گیا ہو۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بارے میں تاثر پایا جاتا ہے کہ یہ چند حلقوں کے لاڈلے ہیں، اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 کی روح کو سامنے رکھتے ہوئے جب عمران خان پر قانون کا اطلاق کیا جائے تو اسی آنکھ کے ساتھ کیا جائے، جس آنکھ کے ساتھ پاکستان کے دیگر سیاست دانوں کے مقدمات کا فیصلہ ماضی قریب میں ہوا۔