آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا سندھ کے بعد کل سے پنجاب میں غیر معینہ مدت کےلیے ہڑتال کا اعلان ۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میںاضافے کے بعد پوٹھوہار ریجن اورپنجاب میں سی این جی کی قیمت چھیاسی روپے فی کلواورسندھ اوربلوچستان میں پچہترروپے فی کلو تک پہنچ جائے گی۔غیاث پراچہ نے انکشاف کیا کہ وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین انہیں مجبورکررہے ہیں کہ سی این جی اسٹیشنزکوایل پی جی اسٹیشنزمیں تبدیل کردیا جائے۔ ملک میں گیس کی کوئی کمی نہیں ،وزارت پیٹرولیم عوام کو گمراہ کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔ سی این جی سیکٹرپر اڑتیس فیصد سرچارج کومسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئی نادرن کے اہلکار اپنی نااہلی اور چوری شدہ گیس کا بوجھ صارفین پر ڈال رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ حکومت سی این جی کو ایک مہینے کے لیے بند کرے سی این جی ایسوسی ایشن سی این جی اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھے گی۔