ن لیگ کا سیلاب ورلڈ الیون کو بہا کر لے جائے گا، وفاق اپنی غلطیوں کا ملبہ پنجاب حکومت پر مت ڈالے. میاں نواز شریف

گوجرانوالا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ اس سے پہلے انہوں نے گوجرانوالا میں یہ جذبہ نہیں دیکھا۔ عوام کے سیلاب کا نعرہ لگانے والو، یہ جو سیلاب ہے، ورلڈ الیون کو بہا کر لے جائے گا۔ ہم نے پہلے بھی ملک کو تبدیل کیا ہے ،ہمارا تبدیلی کا ایجنڈا اب بھی تیار ہے نواز شریف نے کہا کہ ہرسال چار سو ارب روپیہ لوٹ لیا جاتا ہے، جو آتا ہے ہمیں کھا کر چلا جاتا ہے، خود مختاری پامال کردی گئی ہے، پاکستان دنیا میں تنہا رہ گیا ہے ، عالمی طاقتیں ہمارا مذاق اڑا رہی ہیں. انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو گھر کی باندی بنا دیا گیا ہے، پاکستان میں کرپشن عروج پر ہے، پیسے واپس کر دیئے جاتے ہیں ، لیکن وزیر استعفی نہپیں دیتا، نواز شریف نے کہا کہ ہاتھ میں کشکول لیکر ملک کو ایٹمی طاقت نہیں بنایا، جو ایبٹ آباد میں ہوا وہ ناقابل برداشت ہے۔ وہ قوم جس نے اربوں ڈالر کے پیکج کو ٹھکرا دیا لیکن کلنٹن کی نہیں مانی، ہندوستان کا وزیراعظم پاکستان آیا اور پاکستان کے وجود کو تسلیم کیا۔ کلنٹن،امریکا اور دنیا نے پاکستان کو ساتویں ایٹمی طاقت تسلیم کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ایسی کسی حکومت کو نہیں مانیں گے جو پاکستان کا یہ حال کرے۔ پاکستان کو باعزت اور توقیر ملک بنائیں گے۔ دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے تو دنیا کی پہلی اقتصادی قوت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری حکومت ہوتی تو یہ حالت نہ ہوتی۔ ان کی ٹیم ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے،وفاق اپنی غلطیوں کا ملبہ پنجاب حکومت پر مت ڈالے۔ پاکستان اور عوام کی سربلندی مسلم لیگ ن کا ایجنڈ ا ہے۔