وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع
کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی جس میں وزیر اعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی۔ تحریک میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں نام آنے پر مراد علی شاہ صادق و امین نہیں رہے۔ تحریک کے متن میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے آصف زرداری کے قریبی اومنی گروپ کو فائدہ پہنچایا۔ تحریک میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔ سندھ اسمبلی میں تحریک، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے جمع کروائی۔ بعد ازاں خرم شیر زمان نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کیا۔