اگر زرداری ہمیں اجازت دیں ، پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں ، بلاول بھٹو زرداری
کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر سابق صد ر آصف علی زرداری ہمیں اجازت دیں ، ایک اشارہ دیں ہم پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں ان کی تو وفاق میں صرف چھ ووٹوں کی اکثریت ہے اور اس سے بھی کم اکثریت پنجاب میں ہے۔ پاکستان اور سندھ کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی صرف بہانہ تھا جبکہ اصل نشانہ سندھ حکومت ہے۔ یہ جھوٹی اور جعلی جے آئی ٹی رپورٹ ہے اور ہم اس کے خلاف بھر پور قانونی جنگ لڑیں گیااور اس سازش کو بے نقاب بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے مقتول رہنما سید علی رضا عابدی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو بڑے سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے جیسے دہشت گردی کا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جو سازش ہے اور جعلی جھوٹی جے آئی ٹی رپورٹ ہے جس میں میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کا کردار ہے اور سپریم کورٹ کے دیکھنے سے پہلے جے آئی ٹی نے اپنی فائنڈنگزحکومت کو پیش کیں۔ حکومت کا وزیر رات دو بجے تک ایف آئی اے میں بیٹھا تھا وہ پتہ نہیں کیا کیا لکھ رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی اور حکومت کا گٹھ جوڑ ایکسپوز ہوتا جا رہا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سندھ کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ جے آئی ٹی صرف بہانہ تھا جبکہ اصل نشانہ سندھ حکومت ہے۔ ہم ان کی ہر سازش کو ناکام کریں گے، ہم عدالت اور ماتحت عدالت میں اپنا کیس لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹی اور جعلی جے آئی ٹی رپورٹ ہے اور ہم اس کے خلاف بھر پور قانونی جنگ لڑیںگے اور اس سازش کو بے نقاب بھی کریں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی لوگوں کی خواہش ہو سکتی ہے، جو لوگ نہیں چاہتے کہ سندھ ترقی کرے، جو لوگ نہیں چاہتے کہ ہمارا صحت کا نظام بہتر ہو، جو لوگ نہیں چاہتے ہیں کہ ہمارے دل کے ہسپتال مفت ہوں، جو لوگ نہیں چاہتے کہ کراچی میں ترقی ہو ،جو لوگ نہیں چاہتے کہ ہمارے پانی کے مسائل حل ہوں،جو لوگ نہیں چاہتے کہ ہمارے گیس کے مسائل حل ہوں وہ چاہتے ہیںکہ سندھ کا وزیر اعلیٰ تبدیل ہو لیکن سندھ کے عوام یہ نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پر پہلے بھی کیس بنے اور انہوں نے 11 سال جیل میں گزارے اور ہر کیس میں باعزت بری ہوئے اور اس میں بھی باعزت بری ہوئے یہ بالکل جھوٹا کیس ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو سیاست نہیں آتی اور ان کو گنتی بھی نہیں آتی میرے پاس سندھ میں 99 نشتیں ہیںاور انہیں میرے 49 ایم پی ایز کو توڑنا پڑے گا۔ 18 ویں ترمیم کے بعد وزیر اعلیٰ کے ووٹ پر، فنانس بل کے ووٹ پر اگر آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنی ہے تو آپ کو 50 سے زائدایم پی ایز چاہیں ان کا یہ خواب کبھی بھی حقیقت میں نہیں بدلے گا ۔