پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند ، 2بسیں ٹکرا گئیں ،10افراد زخمی
پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی ،قصور میں حادثے کے نتیجے میں10افراد زخمی ہو گئے ، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج رہا ، خانقاہ ڈوگراں، پنڈی بھٹیاں، گوجرانوالہ، گجرات سیالکوٹ میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کرنا پڑگیا۔ پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں دھند کے باعث دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں اور10افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ، دونوں بسوں میں فیکٹری ورکرز سوار تھے۔۔موٹروے پولیس کے مطابق دھند میں شہری بغیر ضرورت سفر سے گریز کریں ۔محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کر دی۔