حکومت نے عوام پر نئے سال کا بم گراتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا

اسلام آباد: (31 دسمبر 2020) وفاقی حکومت نے عوام پر نئے سال کا بم گراتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں محض 2.31 روپے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا ہے۔فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 2 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 106 روپے ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 37 پیسے تک اضافہ کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے صرف ایک روپے 80 پیسے تک اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے۔ جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے ہوگئی۔