ینگ ڈاکٹرز نے اجتجاجی کیمپ میں اوپی ڈیز کھول دیا
کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجی کیمپ میں او پی ڈیز کھول دی ہیں۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج بدستور جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج سے سول اسپتال میں قائم احتجاجی کیمپ میں او پی ڈی سروسز کا آغاز کر دیا ہے۔ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ عوامی مشکلات کے سبب روز اول سے انتہائی اقدامات اٹھانے سے گریز کررہے ہیں۔انکا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے اور اپنے مطالبات سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔واضح رہے کہ ینگ ڈاکٹرز کا مطالبات کے حق میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز کوئٹہ میں رہا ہونے والے ینگ ڈاکٹرز نے پھر ریڈ زون جانے کا اعلان کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ ایف آئی ار واپس لینے پر صوبائی حکومت نے شکست تسلیم کرلی ہے۔رہا ہونے والے ڈاکٹرز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم پھر ریڈ زون جائیں گے، لاٹھی یا قید سے نہیں ڈرتے۔ینگ ڈاکٹرز نے مزید کہا کہ ریڈزون سے گرفتار ہوئے تھے پھر وہیں جائیں گے۔خیال رہے کہ ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج اوپی ڈیز و آپریشن تھیٹر سروس سے بائیکاٹ 33ویں روز میں داخل ہوگیا جس کے باعث مریض رول گئے ہیں۔اس سے قبل کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز نے ساتھیوں کیخلاف ایف آئی آر واپس لینے کے باجود احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ساتھیوں کیخلاف ایف آئی آر واپس لینا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں سہولیات فراہم کرنے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔