حکومت کا نئے سال کا پہلا تحفہ: پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا
اسلام آباد: حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ ’پیٹرول بم‘ کی صورت میں دیا ہے اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز پر وزارت خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد سال نو کے آغاز پر ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 144 روپے 82 پیسے مقرر ہوئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے اضافے کیساتھ 141 روپے 62 پیسے مقرر کی گئی ہے۔