رات 12 بجے پورا شہر باہر نکلے گا، آج نئے سال کا جشن کراچی والوں کیساتھ منانا ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آج نئے سال کا جشن کراچی والوں کیساتھ منانا ہے، پورا شہر آج رات 12 بجے باہر نکلے گا۔ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کی ہر گلی، یونین کونسل میں لوگ نئے سال کا جشن منائیں گے، ایک سال میں کارکنوں نے وہ کام کر کے دکھایا جس کا وعدہ کیا تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کارکن لانگ مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے، اسلام آباد پہنچ کر ناکام وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا، ہم سلیکٹڈ راج کے خلاف نکلےتھے، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا کارکنوں کی جیت ہے، پہلے آمریحییٰ خان کا مقابلہ کیا، مشرف کو بھگایا اور پھر کٹھ پتلی کو نکالا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مقابلہ ہو گا جیت سچ کی ہو گی، جب بھی مقابلہ ہو گا تو کٹھ پتلیوں، سلیکٹڈ کو شکست اور جمہوری قوتوں کی فتح ہو گی، اس وقت ملک مشکل میں ہے، عمران کی نفرت کی سیاست نے جمہوریت، معاشرے، معیشت کو نقصان پہنچایا، اگر ہم نے مشکل سے نکلنا ہے تو شہید بھٹو کا منشور سامنے ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نےماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر کے ملک کو بچایا تھا، مستقبل میں بھی پیپلز پارٹی ملک کو بچائے گی، پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی طاقت یکجہتی کی سیاست ہے، ہم نےاسی یکجہتی کے ساتھ پورے ملک کو چلانا ہے۔