وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔ پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا کی ساتویں لہر کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں۔ سیلاب، امراض اور آفات کی پیشگی اطلاع کا سسٹم نصب کریں گے۔3 مقامات پر آفات کی پیشگی نشاندہی کیلئے ارلی وارننگ سسٹم نصب کئے جا رہے ہیں۔ارلی وارننگ سسٹم نصب ہونے سے سیلاب کے نقصانات اور تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات ممکن ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔پنجاب نے اپنے وسائل اور ٹیلی تھون سے جمع شدہ عطیات کے ذریعے متاثرین کو امداد دی۔ سیلاب متاثرین میں 5 ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے ہیں اور 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔ گھروں کی تعمیر کے لئے بھی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کی گئی ہے۔