سلالہ حملوں کے بعد پاکستان کے پاس نیٹوسپلائی کی بندش اورشمسی ایئربیس خالی کرانےکےسواکوئی چارہ نہیں تھا.وزیراعظم یوسف رضا گیلانی
افغان پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان اٹھایا ہے جبکہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک پانچ ہزار سکیورٹی اہلکاروں سمیت پینتیس ہزار پاکستانی اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں، دنیا کو ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملوں کے بعد پاکستان کے پاس نیٹو سپلائی کی بندش اورشمسی ایئربیس خالی کروانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا جبکہ امریکہ سے تعلقات پارلیمنٹ کی قرارداد کے مطابق برقرار رکھے جائیں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس وقت پینتیس لاکھ افغانی پاکستان میں مقیم ہیں جبکہ پاکستان افغانستان سے تعلقات مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی مدد اور تائید کے بغیر کسی بھی جنگ میں فتح ممکن نہیں۔ بھارت کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ ہماری بہت سی روایات مشترک ہیں۔ انہوں نے سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کو قیام امن کے لئے کوششوں پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔