ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ان کے خلاف جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات بنانے کی سازش کا مضبوط جال بچھایا گیا ہے۔ لیکن وہ کسی بھی بین الاقوامی طاقت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک کے آغاز سے ہی ان کے مشن اور کاز کے خلاف سازشیں شروع کر دی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری قوم کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان میں باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکایا، قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں اور موت کو کئی بار قریب سے دیکھا لیکن اس کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھا۔ الطاف حسین نے کہا اپنے اور پرائے کی تازہ ترین سازشوں نے ان کے گرد جال بچھا دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر طرح طرح کے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ آج ان خلاف بین الاقوامی سطح پر نہ صرف منفی پروپیگنڈے کئے جا رہے ہیں جس پر وہ عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی طاقت کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ الطاف حسین نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی زندگی کو کوئی بھی نقصان پہنچے تو آپ حق پرستانہ سبق کو ہرگز نہ بھولیں اور کسی بھی قیمت پر حق پرستانہ مشن، مقصد اور تحریک کو باطل قوتوں کی سازشوں کے آگے ختم کر دینے کے بجائے اسے زندہ رکھنے کیلئے آپ سے جو قربانیاں دی جا سکیں وہ دیجئے۔ الطاف حسین نے خاص طور پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی، منتخب نمائندوں اور ملک بھر کے چھوٹے بڑے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے کہا کہ وہ میرے اس بیان کا انتہائی سنجیدگی سے نوٹس لیں اور کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔