اپوزیشن کی نمائندگی کرنے والی مذاکراتی ٹیم جنیوا مذاکرات میں شرکت کرے گی، وفد کی امن مذاکرات میں شرکت کی شرائط اپنی جگہ برقرار ہیں : ترجمان کمیٹی
ان شرائط میں بشار الاسد حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قرار دادوں کا نفاذ بالخصوص قرارداد نمبر 2254 اور ان میں اہم ترین آرٹیکل 12 اور 13، جن کے تحت شام میں شہروں اور قصبوں کا حکومتی محاصرہ ختم کرنے، انسانی بنیادوں پر امدادی سامان کے داخلے کی اجازت دینے، بمباری روکنے اور قیدیوں کی رہائی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ریاض میں کئی روز تک جاری رہنے والی کثیر مشاورت کے بعد بالآخر اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی نے جنیوا بات چیت کے تیسرے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ شامی تنازع کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے ہونے والا یہ اجلاس جمعہ سے جاری ہے کمیٹی کے بیان کے مطابق "آمادگی کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 پر عمل درامد کے حوالے سے بین الاقوامی یقین دہانیاں ملنے کے بعد کیا گیا ہے۔