آسٹریلیا: 17 فروری سے شروع ہونیوالی سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں آرون فنچ کپتانی کرینگے۔
آسٹریلیا نے آرون فنچ کو سٹیون سمتھ کی جگہ آئندہ ماہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے مابین ہونے والی ٹی 20 سیریز کے لئے کپتان مقرر کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو انڈیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے آرام دیا گیا ہے جبکہ بقیہ آسٹریلوی ٹی 20 سکواڈ کا اعلان (آج)بدھ کی صبح تک کر دیا جائے گا۔ سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر، مچل سٹارک، عثمان خواجہ، گلین میکس ویل، جوش ہیزلے ووڈ سمیت مچل مارش وہ کھلاڑی ہیں جو بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے، آسٹریلیا کو بہت ہی غیرمتوقع صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ 22 فروری کو آسٹریلیا سری لنکا کے خلاف ایڈیلیڈ میں آخری ٹی 20 میچ کھیلے گا اور اگلے ہی روز یعنی 23 فروری کو انڈیا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنا پڑے گا۔ موجودہ شیڈول کی وجہ سے آسٹریلین ٹیم کے کچھ ممبرز انتہائی ناخوش ہیں جن میں ڈیوڈ وارنر نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ یہ انتہائی ناقص شیڈولنگ ہے۔ آرون فنچ نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے دوبارہ کپتانی سنبھالی ہے جبکہ ایک سال پہلے اس وقت ان کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا جب آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے تمام فارمیٹس کی کرکٹ کیلئے ایک ہی کپتان کی تجویز پیش کی تھی اور سٹیون سمتھ کو کپتان بنا دیا گیا تھا۔ آرون فنچ نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں پہلے ون ڈے میچ میں بھی قائم مقام کپتان میتھیو ویڈ کے میچ سے کچھ دیر قبل زخمی ہونے کے باعث کپتانی کی تھی۔ آرون فنچ کا کہنا تھا کہ میرے لئے بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ سٹیون سمتھ کی غیرموجودگی میں مجھے کپتانی سونپی گئی ہے۔ ہم اس وقت چند بڑے کرکٹرز کو مس کر رہے ہیں لیکن دوسری طرف یہ ایک بہت بڑا موقع ہو گا ان لڑکوں کے لئے جنہوں نے کے ایف سی بگ بیش لیگ میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی شمولیت کو یقینی بنانے کے علاوہ دوسرے فارمیٹس میں بھی آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم کے عبوری سلیکٹر ٹریور ہونس کا کہنا تھا کہ دوسرے پلیئر کے علاوہ سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی غیرموجودگی میں ہمیں یقین ہے کہ آرون فنچ ٹیم کی قیادت کیلئے ایک بہترین انتخاب ہے وہ اس سے پہلے بھی کپتانی کر چکے ہیں اور وہ بحیثیت کپتان اور بیٹسمین اس میں بہت زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔ بحیثیت سلیکٹرز جب ہم سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے سکواڈ کی منتخب کر رہے تھے تو ہماری ایک آنکھ موجود سیریز جبکہ دوسری آنکھ مستقبل پر تھی جبکہ آئندہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ بھی آسٹریلیا میں ہی منعقد ہو گا۔ کے ایف سی بگ بیش لیگ نے ہمیں اس چیز کا موقع دیا کہ ہم بہت ہی عمدہ کارکردگی کے حامل بہت سے لڑکوں کو آرون فنچ کے سکواڈ کا حصہ بنا سکتے ہیں۔